کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، ثمر ہارون بلور
پشاور: مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے کوہاٹ کے علاقے دربوکچ، تھانہ گمبٹ کی حدود میں پولیس اہلکاروں پر فتنہ الخوارج کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور جرائم پیشہ عناصر کا مبینہ گٹھ جوڑ صوبے میں امن و امان کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ پولیس اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کی بہادری و قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ احترام ہیں۔
ثمر ہارون بلور نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے عوام کی حفاظت اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
مشیر اطلاعات نے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف مشترکہ کارروائیوں اور تازہ دم دستوں کی بروقت پیش قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے تاکہ صوبے میں امن و امان کو مزید نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام بنائی جا سکیں۔
ثمر ہارون بلور نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے قومی اتحاد، یکجہتی اور غیر متزلزل عزم برقرار رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہے گا۔








