کوہاٹ پولیس لائنز حملہ، دہشتگرد نیٹ ورک کا سراغ
پشاور: کوہاٹ پولیس لائنز حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت، سی ٹی ڈی کی جوائنٹ ٹیم نے حملے میں ملوث دہشتگرد نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق 2 دہشتگرد تنظیموں نے مل کر حملے کا منصوبہ بنایا تھا، جبکہ حملہ آوروں کا مقصد سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ سے اپنے ساتھیوں کو چھڑانا تھا۔
حکام کے مطابق دہشتگردوں نے حملے سے قبل کوہاٹ میں چند روز قیام کیا۔ تفتیش کے دوران ہلاک خودکش حملہ آور کی گاڑی کا ڈیٹا اور دیگر اہم تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔
تفتیشی ٹیم نے دہشتگردوں کے قیام کے لیے استعمال ہونے والے مکان پر چھاپہ مار کر گرفتاریاں کیں اور شواہد اکٹھے کیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کا منصوبہ ناکام بنایا۔
تفتیشی حکام کے مطابق دہشتگردوں نے گزشتہ سال بھی کوہاٹ پولیس لائنز کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم حملے سے قبل ہی انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔







