محسن نقوی تہران پہنچ گئے، فیلڈ مارشل کا اہم پیغام ایرانی سپریم لیڈر تک پہنچائیں گے

تہران میں سفارتی سرگرمیوں میں تیزی، محسن نقوی کا اہم دورہ

تہران:ویب ڈیسک

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی تہران پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور پاکستان کے نئے سفیر عمران صدیقی نے ایئرپورٹ پر کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اور ایرانی ہم منصب کے درمیان ابتدائی باضابطہ ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی اپنے دورے کے دوران ایران کے صدر مسعود پزشکیان، ایرانی اسپیکر اور سیکرٹری سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں خطے میں امن و استحکام اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایک خصوصی پیغام ایرانی سپریم لیڈر تک پہنچائیں گے، جس میں مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے حوالے سے اہم نکات شامل ہیں۔

دورے سے قبل محسن نقوی نے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں انہیں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس اور دیگر سفارتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور امن و امان کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان قریبی رابطے اور مربوط حکمت عملی مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔

پس منظر: پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ عرصے میں سفارتی روابط میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، اور اعلیٰ سطحی دورے اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دی جا رہی ہے۔

More News