گلگت بلتستان میں انتخابی معرکہ قریب، سیاسی جوڑ توڑ عروج پر
گلگت بلتستان: گلگت بلتستان میں انتخابات 2026 کے قریب آتے ہی سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی آگئی ہے، جبکہ مختلف سیاسی جماعتیں اور امیدوار انتخابی معرکے سے قبل حتمی حکمت عملی اور اتحاد سازی میں مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق خطے کے تین اہم حلقوں میں اس بار سخت اور کانٹے دار مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے، جہاں سیاسی جماعتوں کے درمیان مقابلہ انتہائی دلچسپ صورت اختیار کر گیا ہے۔
گلگت حلقہ ایک میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد حسین ایڈووکیٹ اور مسلم لیگ (ن) کے محمد شفیق الدین کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ اس حلقے میں مجلس وحدت المسلمین کے محمد الیاس صدیقی اور استحکام پاکستان پارٹی کے سلطان رئیس بھی مضبوط امیدوار کے طور پر میدان میں موجود ہیں۔
گلگت حلقہ دو میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے جمیل احمد کے درمیان مقابلے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے فتح اللہ خان اور پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار عتیق پیرزادہ بھی انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔
اسی طرح گلگت حلقہ تین میں مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر محمد اقبال اور پیپلز پارٹی کے آفتاب حیدر کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے کیپٹن (ر) محمد شفیع اور پی ٹی آئی و مجلس وحدت المسلمین کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سہیل عباس بھی میدان میں موجود ہیں۔
مجموعی طور پر تمام بڑی سیاسی جماعتیں انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں سیاسی جوڑ توڑ اور حکمت عملی کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں، تاکہ اپنی پوزیشن مضبوط بنا سکیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے نگراں وزیر اطلاعات غلام عباس نے کہا ہے کہ 7 جون کو ہونے والے انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 24 حلقوں میں شفاف اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کو تمام ضروری فنڈز اور سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی کے لیے پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد پولیس سمیت دیگر اداروں سے اضافی نفری طلب کی گئی ہے تاکہ انتخابات پُرامن ماحول میں منعقد کیے جا سکیں








