گومل یونیورسٹی میں ڈیجیٹلائزیشن کا اہم قدم، ڈیٹا سینٹر اور ون لنک سروس کا افتتاح

گومل یونیورسٹی میں ڈیجیٹلائزیشن کا اہم قدم، ڈیٹا سینٹر اور ون لنک سروس کا افتتاح

ڈیرہ اسماعیل خان: گومل یونیورسٹی میں ڈیجیٹلائزیشن، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور انتظامی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گومل ڈیٹا سینٹر اور ون لنک (1LINK) سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔

قائم مقام وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر نے ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی میں ڈیٹا سینٹر اور ون لنک سروس کا افتتاح کیا۔ تقریب میں رجسٹرار عمران اللہ مروت، مختلف شعبہ جات کے ڈینز، کنٹرولر امتحانات، ڈائریکٹر آئی ٹی ڈاکٹر محمد اعجاز خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر قائم مقام وائس چانسلر نے کہا کہ مرکزی ڈیٹا سینٹر کے قیام سے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا ڈیٹا ایک مربوط اور مرکزی نظام کے تحت محفوظ کیا جاسکے گا۔ اس اقدام سے معلومات تک رسائی، انتظامی امور اور فیصلہ سازی کے عمل میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوں نے ون لنک سروس کو طلبہ کے لیے اہم سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نظام کے ذریعے طلبہ کو فیس جمع کرانے کے لیے بینک جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ گھر بیٹھے آن لائن فیس ادا کرسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آن لائن فیس ادائیگی کی سہولت سے فیس وصولی کے نظام میں شفافیت آئے گی اور مالی معاملات کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جاسکے گی۔

قائم مقام وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ یکم ستمبر 2026 سے گومل یونیورسٹی میں بائیومیٹرک حاضری کا نظام بھی نافذ کردیا گیا ہے۔ بائیومیٹرک نظام کے ذریعے ملازمین کی حاضری میں شفافیت، وقت کی پابندی اور انتظامی نظم و ضبط کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق ڈیٹا سینٹر، ون لنک سروس اور بائیومیٹرک حاضری سمیت دیگر ڈیجیٹل اقدامات ادارے کے انتظامی و مالی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور طلبہ و ملازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔

More News