گڈ گورننس کے بغیر ملک کے مسائل حل نہیں ہو سکتے، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اچھی حکمرانی کے بغیر ملک کے معاملات حل نہیں ہو سکتے اور اس مقصد کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ناگزیر ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی امور پر میڈیا بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے، تاہم یہ حقیقت ہے کہ گڈ گورننس کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 14 نکات پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہے اور پاکستان کی سلامتی کے لیے اچھی حکمرانی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مسائل برقرار ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ گڈ گورننس کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ اچھی حکمرانی پاکستان کے عوام کا بنیادی حق ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان تعلیم یافتہ اور باصلاحیت ہے، جسے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں آئین اور قانون سب کے لیے برابر ہیں اور ریاستی نظام بھی انہی اصولوں کے تحت چلنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہارڈ اسٹیٹ” سے مراد ایسی ریاست ہے، جہاں تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق چلائے جائیں، نہ کہ ایسی ریاست جسے فوج چلا رہی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے ساتھ وفاداری ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے اور ملک کے استحکام کے لیے تمام اداروں اور شہریوں کو اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔




