یومِ استحصالِ کشمیر: گورنر ہاؤس پشاور سے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی

یومِ استحصالِ کشمیر: گورنر ہاؤس پشاور سے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی

پشاور: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر گورنر ہاؤس پشاور سے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کی۔ ریلی میں سیاسی و سماجی شخصیات، سرکاری حکام، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے، جبکہ مختلف بینرز اور پلے کارڈز کے ذریعے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ تقریب کے دوران شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 5 اگست کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پورا پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان اور آزادی پسند اقوام کشمیری عوام کے جائز مطالبات کی حمایت کر رہی ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کا حامی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی حالات میں بھی پاکستان نے ذمہ دارانہ اور امن پسند کردار ادا کیا، جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو اور تمام تنازعات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے جائیں۔

گورنر نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور قومی مفاد، سلامتی اور کشمیر کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور ان کی آواز عالمی فورمز تک پہنچانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا، “ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ تنہا نہیں ہیں، پاکستان ہر مشکل وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔” ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔

ریلی کے اختتام پر شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی، خطے میں امن کے فروغ اور حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، کشمیر میں امن اور کشمیری عوام کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

More News