یو اے ای کا پاکستانی ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے نیا شرط کا اعلان، پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی

یو اے ای کا پاکستانی ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے نیا شرط کا اعلان، پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی

متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے ویزے کے لیے پاکستانی شہریوں پر نئی شرط عائد کردی گئی ہے، جس کے تحت ویزا درخواست گزاروں کے لیے پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے تمام پاکستانی ویزا درخواست گزاروں کے لیے پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ، جسے گڈ کنڈکٹ سرٹیفکیٹ بھی کہا جاتا ہے، لازمی قرار دیا ہے۔

حکام کے مطابق اس نئی شرط پر 20 جولائی 2026 سے عمل درآمد شروع ہوچکا ہے۔ اب متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے لیے ویزا حاصل کرنے والے پاکستانی شہریوں کو اپنی درخواست کے ساتھ گڈ کنڈکٹ سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔

بیورو آف امیگریشن کے مطابق ویزا درخواست گزاروں کو یہ سرٹیفکیٹ پاکستان میں متعلقہ حکام سے حاصل کرنا ہوگا۔ اس کے بعد اسے اسلام آباد میں قائم متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے سے لازمی طور پر تصدیق کروانا ہوگا۔

حکام نے پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویزا درخواست جمع کرانے سے قبل تمام مطلوبہ دستاویزات مکمل کرلیں تاکہ بعد میں کسی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے جاب سیکرز کے ساتھ ساتھ لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو بھی نئی شرط سے آگاہ کردیا ہے۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ امیدواروں کی ویزا درخواستیں جمع کروانے سے پہلے تمام ضروری قانونی اور دستاویزی تقاضے پورے کیے جائیں۔

ایڈوائزری میں خاص طور پر بائیومیٹرک اور کیریکٹر سے متعلق قانونی شرائط مکمل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مطلوبہ دستاویزات کی عدم دستیابی یا تصدیق کا عمل مکمل نہ ہونے کی صورت میں ویزا کے حصول میں پیچیدگی پیدا ہوسکتی ہے۔

متحدہ عرب امارات پاکستانی شہریوں کے لیے روزگار کا ایک اہم مرکز ہے اور بڑی تعداد میں پاکستانی مختلف شعبوں میں ملازمت کے لیے وہاں جاتے ہیں۔ نئی شرط کے باعث متحدہ عرب امارات جانے کے خواہشمند افراد کو ویزا پراسیس شروع کرنے سے پہلے پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ کے حصول اور اس کی سفارتخانے سے تصدیق کے عمل کو مکمل کرنا ہوگا۔

حکام نے جاب سیکرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ویزا درخواست جمع کرانے سے پہلے تمام مطلوبہ دستاویزات کی تکمیل یقینی بنائیں تاکہ ویزا منسوخی، تاخیر یا دیگر مشکلات سے بچا جاسکے۔

More News