مردان میں پولیس کارروائی، ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دو فرار

مردان میں پولیس کارروائی، ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دو فرار

مردان:فیصل زادہ

تھانہ غازی بابا پولیس نے عالم گنج روڈ پل کے قریب ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمے میں مطلوب ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ غازی بابا پولیس کی ٹیم نے ایس ایچ او کی قیادت میں اطلاع ملنے پر عالم گنج روڈ پل کے قریب چھاپہ مار کارروائی کی۔ پولیس کے موقع پر پہنچتے ہی ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے فوری طور پر حقِ دفاع میں مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر جاری رہا۔ بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

گرفتار ملزم کی شناخت منصور احمد ولد فراموس، سکنہ شڑشم تنگے بونیر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ایک عدد پستول بھی برآمد کر لیا ہے۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم تھانہ بائیزئی پولیس کو بھی ڈکیتی اور راہزنی کے دو مقدمات میں مطلوب اشتہاری تھا۔

فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ پولیس نے مقدمے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر رہے ہیں تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔

More News