امریکا کی سپرٹ ایئرلائن دیوالیہ ہوگئی، آپریشن مرحلہ وار بند کا اعلان

امریکا کی سپرٹ ایئرلائن دیوالیہ، آپریشن مرحلہ وار بند کرنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکا کی معروف کم لاگت فضائی کمپنی Spirit Airlines نے دیوالیہ ہونے کے بعد اپنے آپریشنز مرحلہ وار بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی کی مالی صورتحال مسلسل خراب ہونے کے بعد بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، تاہم یہ اجلاس کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہو گیا۔ اس کے بعد انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ کمپنی کی تمام پروازیں مرحلہ وار بند کی جائیں گی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سپرٹ ایئرلائن نے آج شیڈول تمام پروازیں بھی منسوخ کر دی ہیں، جس کے باعث ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایئرلائن کی جانب سے تاحال متبادل انتظامات کے بارے میں تفصیلی اعلان نہیں کیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق کمپنی کے دیوالیہ ہونے کی ایک بڑی وجہ عالمی سطح پر فیول (جیٹ فیول) کی قیمتوں میں اضافہ بتایا جا رہا ہے، جو مبینہ طور پر خطے میں جاری کشیدگی اور ایران سے منسوب جنگی صورتحال کے اثرات کے باعث بڑھا۔

ماہرین کے مطابق بلند فیول لاگت اور بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات نے کمپنی کی مالی مشکلات کو مزید سنگین بنا دیا، جس کے نتیجے میں سپرٹ ایئرلائن کو دوسال میں دوسری بار دیوالیہ پن کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹس میں یہ بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اس فیصلے کے نتیجے میں تقریباً 17 ہزار ملازمین بے روزگار ہو سکتے ہیں، جو ایئرلائن انڈسٹری میں ایک بڑا معاشی دھچکہ سمجھا جا رہا ہے۔

ماہرین ہوا بازی کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے نہ صرف امریکی ایوی ایشن سیکٹر متاثر ہوگا بلکہ کم لاگت فضائی سروسز کے ماڈل پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں۔

کمپنی کی مستقبل کی حکمت عملی اور ممکنہ بحالی کے حوالے سے تاحال کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آیا۔

More News