ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے ای پنشن پورٹل متعارف، پنشن کا نظام ڈیجیٹل ہوگیا

ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے ای پنشن پورٹل متعارف، پنشن کا نظام ڈیجیٹل ہوگیا

پاکستان میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے پنشن کے حصول کا طویل اور پیچیدہ عمل آسان بنانے کے لیے حکومت نے ای پنشن پورٹل متعارف کرا دیا ہے۔ نئے ڈیجیٹل نظام کا مقصد بزرگ پنشنرز کو دفاتر کے بار بار چکر لگانے، طویل انتظار اور دفتری مشکلات سے نجات دلانا ہے۔

حکومت اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (AGPR) کے تعاون سے متعارف کرائے گئے اس نظام کے تحت پنشن سے متعلق بیشتر امور آن لائن انجام دیے جاسکیں گے۔ نئے پورٹل کے ذریعے ریٹائرڈ ملازمین گھر بیٹھے اپنے پنشن کیس کی موجودہ صورتحال معلوم کرسکیں گے اور یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ ان کی درخواست کس مرحلے میں ہے۔

نئے نظام کی ایک اہم خصوصیت پنشن کی رقم کی براہ راست بینک اکاؤنٹ میں منتقلی ہے۔ اب پنشنرز کو نیشنل بینک کی کسی مخصوص برانچ سے ادائیگی وصول کرنے کے بجائے اپنی پنشن کسی بھی کمرشل بینک اکاؤنٹ میں براہ راست حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ای پنشن پورٹل میں بائیومیٹرک تصدیق کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ ماضی میں پنشنرز کو سال میں دو مرتبہ بینک جاکر لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانا پڑتا تھا، تاہم اب اس عمل کو بائیومیٹرک تصدیق سے تبدیل کیا گیا ہے۔

پنشنرز ہر چھ ماہ بعد قریبی بینک برانچ یا بائیومیٹرک سہولت رکھنے والے اے ٹی ایم کے ذریعے اپنے فنگر پرنٹس کی تصدیق کراسکیں گے۔ حکومت مستقبل میں موبائل ایپ کے ذریعے بھی یہ سہولت فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے، جس کے ذریعے پنشنرز اپنے موبائل فون کے کیمرے سے چہرے یا انگلیوں کو اسکین کرکے گھر بیٹھے تصدیق مکمل کرسکیں گے۔

حکام کے مطابق مقررہ مدت کے اندر بائیومیٹرک تصدیق مکمل نہ کرنے کی صورت میں پنشن اکاؤنٹ عارضی طور پر بلاک ہوسکتا ہے۔ تاہم مطلوبہ تصدیق مکمل ہونے کے بعد اکاؤنٹ دوبارہ بحال کیا جاسکے گا۔

ای پنشن پورٹل سے مستفید ہونے کے لیے سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ سے قبل اپنے متعلقہ محکمے کے ذریعے اپنا ڈیٹا ڈیجیٹل نظام میں اپ لوڈ کروانا ہوگا۔ رجسٹریشن کے لیے قومی شناختی کارڈ (CNIC) اور فعال موبائل نمبر درکار ہوگا۔

ڈیٹا اپ لوڈ اور رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد ملازم کو ایک منفرد پنشن آئی ڈی جاری کی جائے گی، جس کے ذریعے وہ مستقبل میں اپنے پنشن کیس اور ادائیگیوں سے متعلق معلومات آن لائن حاصل کرسکے گا۔

نئے ڈیجیٹل نظام کو سرکاری پنشنرز کے لیے ایک اہم سہولت قرار دیا جارہا ہے، جس سے پنشن کے عمل میں شفافیت، رفتار اور آسانی پیدا ہونے کی توقع ہے۔

More News