فلپائنی کسٹمز کی بڑی کارروائی، افغانستان سے اسمگل شدہ منشیات کی بھاری کھیپ ضبط
فلپائن کے کسٹمز حکام نے منیلا انٹرنیشنل کنٹینر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ فلپائن بیورو آف کسٹمز اور ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کی مشترکہ کارروائی میں دو مشتبہ کنٹینرز سے 43 کلوگرام میتھ ایمفیٹامین برآمد کرلی گئی۔
فلپائنی حکام کے مطابق خفیہ اطلاعات ملنے کے بعد افغانستان سے آنے والی مشتبہ کھیپ کی مکمل تلاشی لی گئی، جس کے دوران بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کو ٹالکم اسٹون سے مشابہ پیکجز میں چھپا کر دیگر تجارتی سامان کے درمیان رکھا گیا تھا۔
کسٹمز حکام کے مطابق برآمد کی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 51 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔ کارروائی کے بعد متعلقہ اداروں نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر اور اس نیٹ ورک کے دیگر ارکان کا سراغ لگایا جا سکے۔
فلپائنی کسٹمز کمشنر ایریل نیپوموسینو کا کہنا ہے کہ سخت نگرانی، مؤثر رسک مینجمنٹ اور بہتر بارڈر کنٹرولز نے منشیات کی اسمگلنگ روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ کا مسئلہ بدستور عالمی تشویش کا باعث ہے، جبکہ افغان طالبان حکومت کی پالیسیوں اور ملک کی معیشت پر منشیات کے اثرات کے حوالے سے بھی مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔







