خیبرپختونخوا کے دینی مدارس میں لائبریریوں کے قیام کے بڑے منصوبے کا آغاز
پشاور: خیبرپختونخوا کے دینی مدارس میں تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے لائبریریوں کے قیام کے بڑے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت صوبے کے 210 رجسٹرڈ دینی مدارس کو نصابی کتب اور لائبریریوں کے لیے ضروری فرنیچر فراہم کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ اوقاف کی عمارت میں تعلیمی مواد کی تقسیم کے لیے خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں متعلقہ حکام اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران مدارس کے نمائندگان کو نصابی کتب اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا گیا۔
حکام کے مطابق منصوبے کے تحت بندوبستی اضلاع میں قائم 140 مدارس جبکہ ضم شدہ اضلاع کے 70 مدارس کو تعلیمی مواد فراہم کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دینی مدارس میں طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول اور مطالعے کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 11 ہزار 760 نصابی کتب تقسیم کی گئی ہیں۔ تمام 210 مدارس کو مختلف تعلیمی درجات کے لیے کتابوں کے سات، سات سیٹس فراہم کیے گئے ہیں۔
فراہم کی جانے والی کتب میں درجہ اولیٰ، ثانیہ، ثالثہ، رابعہ، خامسہ، سادسہ، موقوف علیہ اور دورہ حدیث کے نصاب سے متعلق کتابیں شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دینی مدارس میں لائبریریوں کے قیام اور تعلیمی مواد کی فراہمی سے طلبہ کو نصابی مطالعے کے ساتھ ساتھ تحقیق اور کتب بینی کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، جبکہ اس منصوبے سے مدارس کے تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔







