پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے پنچز کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے پنچز کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

10 کلو وزن کے ساتھ ایک منٹ میں 38 فل ایکسٹنشن پنچز لگا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا

پشاور: پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے ایک اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پنچز کیٹیگری میں گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

عرفان محسود نے ایک منٹ کے دوران 10 کلوگرام وزن کے ساتھ 38 فل ایکسٹنشن پنچز لگا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے اس چیلنج کے لیے 30 پنچز کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم پاکستانی مارشل آرٹسٹ نے مقررہ ہدف سے کہیں زیادہ پنچز لگا کر ریکارڈ قائم کیا۔

اپنی کامیابی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان محسود نے بتایا کہ وہ پش اپس کیٹیگری میں بھی عالمی سطح پر متعدد ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق وہ مختلف وزن کے ساتھ کئی گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر چکے ہیں، جن میں 100، 80، 60 اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ بنائے گئے ریکارڈ بھی شامل ہیں۔

عرفان محسود نے مزید بتایا کہ وہ امریکا، بھارت اور جرمنی سمیت تقریباً 20 ممالک کے عالمی ریکارڈز بھی توڑ چکے ہیں۔ ان کی مسلسل کامیابیاں پاکستانی کھیلوں اور مارشل آرٹس کے لیے بھی ایک نمایاں اعزاز قرار دی جا رہی ہیں۔

عرفان محسود کی جانب سے مسلسل نئے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا سلسلہ ان کی سخت محنت، جسمانی فٹنس اور طویل تربیت کا نتیجہ ہے۔ پنچز کے حالیہ ریکارڈ نے ایک بار پھر انہیں عالمی سطح پر نمایاں کر دیا ہے۔

پاکستانی مارشل آرٹسٹ کی اس کامیابی پر کھیلوں سے وابستہ حلقوں کی جانب سے بھی خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ شائقین نے عرفان محسود کو عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

More News