ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتو کانڈا دوسری مدت کے لیے دوبارہ منتخب
اے ڈی بی کے بورڈ آف گورنرز کی متفقہ حمایت، نئی پانچ سالہ مدت 24 نومبر 2026 سے شروع ہوگی
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے صدر ماساتو کانڈا بورڈ آف گورنرز کی متفقہ حمایت سے دوسری مدت کے لیے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
ماساتو کانڈا کی نئی پانچ سالہ مدت 24 نومبر 2026 سے شروع ہوگی۔ انہیں نومبر 2024 میں ایشیائی ترقیاتی بینک کا 11واں صدر منتخب کیا گیا تھا اور انہوں نے فروری 2025 میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔
دوبارہ انتخاب کے بعد ماساتو کانڈا نے کہا کہ ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے کو نئے معاشی اور عالمی چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کو خطے میں استحکام کے مضبوط ستون کے طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی رکن ممالک کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق بڑے پیمانے پر اقدامات کرے گا۔ ان کے مطابق ادارے کا بنیادی مقصد آئندہ نسل کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر میں کردار ادا کرنا ہے۔
ماساتو کانڈا کی دوسری مدت کے دوران علاقائی معاشی استحکام کو مضبوط بنانے، پائیدار ترقی کے فروغ اور ایشیا و بحرالکاہل کو درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے پر توجہ دیے جانے کی توقع ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک خطے کے مختلف ممالک میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے، موسمیاتی اقدامات اور معاشی اصلاحات کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔





