پی سی بی کا کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی سے پوچھ گچھ کا فیصلہ
ناقص سلیکشن پر نوٹس ملنے کے بعد مصباح الحق نے استعفیٰ دے دیا، ذرائع
اسلام آباد: انگلینڈ کے دورے پر قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان سے بھی پوچھ گچھ کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ناقص کارکردگی اور سلیکشن میں مبینہ بے قاعدگیوں پر پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے رکن مصباح الحق کو نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق بعض کھلاڑیوں کی سلیکشن پر اصرار کر رہے تھے، تاہم ان کھلاڑیوں کی جانب سے توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے پر بورڈ نے وضاحت طلب کی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے نوٹس کا جواب دینے کے بجائے مصباح الحق نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا اور اپنا استعفیٰ بورڈ کو بھجوا دیا۔ وہ اس وقت نوٹس پیریڈ پر ہیں اور مدت مکمل ہونے کے بعد پی سی بی سے الگ ہوجائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں سے بھی ناقص کارکردگی اور ٹیم کی حالیہ شکستوں کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی، جبکہ سلیکشن کمیٹی کے فیصلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
قومی ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف مسلسل دو ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد پی سی بی نے ٹیسٹ اسکواڈ کے سات کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کے ساتھ ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے حالیہ اقدامات کے بعد قومی ٹیم کی سلیکشن، کوچنگ اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے احتساب کا عمل مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق دورہ انگلینڈ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے ذمہ دار عوامل کا جائزہ لے کر مستقبل کے لیے سلیکشن اور ٹیم مینجمنٹ میں ضروری تبدیلیاں کی جائیں گی۔





