ایف بی آر کے 16 سینئر افسران کی دہری شہریت یا مستقل بیرون ملک رہائش کا انکشاف
ان لینڈ ریونیو سروس کے 10 اور پاکستان کسٹمز سروس کے 6 افسران شامل، مزید جانچ پڑتال کا فیصلہ
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے 16 سینئر افسران کے پاس دہری شہریت یا بیرون ملک مستقل رہائش ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ایف بی آر نے معاملے کی مزید جانچ پڑتال کا فیصلہ کرلیا۔
دستاویزات کے مطابق متاثرہ افسران میں ان لینڈ ریونیو سروس کے 10 جبکہ پاکستان کسٹمز سروس کے 6 افسران شامل ہیں۔ ایف بی آر نے سول سرونٹس کی غیر ملکی شہریت سے متعلق نئے قواعد کے تحت افسران سے اضافی معلومات طلب کی ہیں۔
دستاویز کے مطابق ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران میں گریڈ 21 کا ایک، گریڈ 20 کے 6 اور گریڈ 19 کے 2 افسران شامل ہیں۔ اسی طرح پاکستان کسٹمز سروس میں گریڈ 20 کے 2، گریڈ 19 کے 3 اور گریڈ 17 کا ایک افسر شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ تمام افسران کے پاس یا تو دہری شہریت ہے یا وہ بیرون ملک مستقل رہائش رکھتے ہیں۔ معاملے کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد ایف بی آر نے اس حوالے سے مزید چھان بین اور ریکارڈ کی جانچ کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر نے دیگر افسران کی غیر ملکی شہریت یا مستقل بیرون ملک رہائش سے متعلق معلومات بھی طلب کرلی ہیں۔ حکام کی جانب سے افسران کو مقررہ فارم پر اپنی غیر ملکی شہریت یا مستقل رہائش کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
افسران کو یہ معلومات 90 روز کے اندر جمع کرانے کا کہا گیا ہے، جس کے بعد فراہم کردہ معلومات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
حکام کے مطابق سول سرونٹس کی غیر ملکی شہریت سے متعلق نئے قواعد کے تحت سرکاری افسران سے معلومات حاصل کرنے کا مقصد متعلقہ ریکارڈ کو اپ ڈیٹ کرنا اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔








