وزیراعظم نے ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تجارت میں سہولیات کی فراہمی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم خود بورڈ کی صدارت کریں گے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت تجارت میں سہولیات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں مجوزہ بورڈ کے دائرہ کار اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ تجارت کی مکمل سپلائی چین میں بہتری لانے کے ساتھ سرحد پار تجارت سے متعلق تمام نان ٹیرف امور پر فیصلے کرے گا۔ بورڈ تجارت کے فروغ کے لیے روڈ میپ، ٹریڈ فیسلیٹیشن انڈیکس اور مانیٹرنگ سے متعلق حکمت عملی بھی مرتب کرے گا۔
وزیراعظم نے ملک کی بندرگاہوں کی استعداد کار میں بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دینے کی منظوری دی۔
یہ ورکنگ گروپس بندرگاہوں کی استعداد کار بڑھانے، متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی، ریگولیٹری فریم ورک پر عملدرآمد، پری ارائیول کلیئرنس اور بین الاقوامی تجارت میں چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی شمولیت جیسے امور پر کام کریں گے۔
وزیراعظم نے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کے لیے بندرگاہوں پر مال کی ترسیل اور کلیئرنس کے عمل کو مزید آسان بنانے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جاری اصلاحات کے نتیجے میں پورٹ چارجز میں کمی ہوئی ہے، جس سے بندرگاہوں کے استعمال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ جہازوں کی آمد سے قبل گڈز ڈیکلریشن جمع کرانے کی سہولت میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، وزیراعظم کے مشیر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔








