پاکستان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بین الاقوامی بانڈ جاری کر دیا، 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کا اجرا

پاکستان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بین الاقوامی بانڈ جاری کر دیا، 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کا اجرا

پاکستان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بین الاقوامی بانڈ جاری کرتے ہوئے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز فروخت کر دیے ہیں۔ وزارت خزانہ نے اس پیش رفت کو عالمی معاشی میدان میں پاکستان کی اہم اور تاریخ ساز کامیابی قرار دیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز دو ٹرینچز میں جاری کیے ہیں، جبکہ عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر 6 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کے لیے پیشکشیں موصول ہوئیں۔ حکام کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان کو ایک ہی موقع پر 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز یکمشت جاری کرنے کا موقع ملا ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یورو بانڈز کا کامیاب اجرا عالمی مالیاتی منڈی میں پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ حکومت کے مطابق پاکستان کی قرض واپس کرنے کی صلاحیت سے متعلق کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری نے بھی اس بانڈ کے کامیاب اجرا میں اہم کردار ادا کیا۔

حکام کے مطابق 6 ارب ڈالر کی موصول ہونے والی پیشکشیں اس بات کا اظہار ہیں کہ بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی مالیاتی صورتحال اور مستقبل کے معاشی امکانات میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ حکومت اسے ملک کی عالمی کیپٹل مارکیٹ میں بہتر پوزیشن کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دے رہی ہے۔

یورو بانڈز کے اجرا سے پاکستان کو بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے اور عالمی مالیاتی منڈی سے سرمایہ حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ کامیاب اجرا مستقبل میں پاکستان کے لیے عالمی سطح پر مزید قرض حاصل کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے میں بھی معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق بانڈز کے اجرا کے لیے عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ پاکستان کی معاشی پالیسیوں اور مالیاتی استحکام کے حوالے سے اعتماد میں اضافے کی علامت ہے۔

حکومت کی جانب سے اسے پاکستان کی مالیاتی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، تاہم یورو بانڈز کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم ملک کی بیرونی مالی ضروریات اور قرضوں کی ادائیگی سمیت دیگر مالی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔

More News