مومنہ اقبال اور وکیل کے این سی سی آئی اے کی تفتیش پر سوالات، ’’اس کیس کو چھوڑوں گی نہیں

مومنہ اقبال اور وکیل کے این سی سی آئی اے کی تفتیش پر سوالات، ’’اس کیس کو چھوڑوں گی نہیں

لاہور: اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنے ہراسگی اور دھمکیوں کے مقدمے کی تفتیش تبدیل کیے جانے پر این سی سی آئی اے کے طریقہ کار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

لاہور کی سیشن عدالت میں مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے کی سماعت کے دوران این سی سی آئی اے کی جانب سے تفتیشی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کو فی الحال بے قصور قرار دیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ دونوں کی گرفتاری درکار نہیں، جس کے بعد ان کی عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لینے پر نمٹا دی گئیں۔

دوسری جانب مومنہ اقبال اور ان کے وکیل نے تفتیشی عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں اعتماد میں لیے بغیر مقدمے کی تفتیش تبدیل کی گئی، جبکہ ان کے وکیل نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ مدعیہ کی جانب سے تفتیش تبدیل کرنے کی کوئی درخواست نہیں دی گئی تھی۔

وکیل نے سوال اٹھایا کہ نئے تفتیشی افسر نے مکمل تحقیقات کیے بغیر ملزمان کو کیسے کلیئر قرار دے دیا۔ ان کے مطابق تفتیش تبدیل کیے جانے اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے سے متعلق مدعیہ کو آگاہ نہیں کیا گیا۔

مومنہ اقبال نے عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قانون پر اعتماد کرتے ہوئے اپنی آنکھیں بند کی تھیں، تاہم اب وہ اس معاملے کو چھوڑنے والی نہیں۔ انہوں نے اس معاملے پر ہر قانونی فورم سے رجوع کرنے اور اپنے مؤقف کے حق میں موجود شواہد سامنے لانے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس کیس میں این سی سی آئی اے کی جانب سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے کر ازسرنو تحقیقات کی گئی تھیں، جس کے بعد ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کو تفتیشی رپورٹ میں فی الحال بے قصور قرار دیا گیا۔ دوسری طرف مومنہ اقبال کے وکیل نے تفتیش کے طریقہ کار اور رپورٹ پر اعتراض کرتے ہوئے معاملے کا دوبارہ جائزہ لینے کی استدعا کی ہے۔

More News

Breaking

خیبرپختونخوا میں ماحولیاتی تحفظ ادارے کے اہلکاروں پر چیف سیکرٹری کے نام پر مبینہ وصولیوں کا الزام

خیبرپختونخوا میں ماحولیاتی تحفظ ادارے کے اہلکاروں پر چیف سیکرٹری کے نام پر مبینہ وصولیوں کا الزام پشاور: خیبرپختونخوا میں ماحولیاتی تحفظ سے متعلق ادارے

Read More »