آج سے 5 ستمبر تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی، خیبرپختونخوا میں 2 افراد جاں بحق
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بالائی علاقوں میں 3 سے 5 ستمبر کے دوران بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں حالیہ موسلا دھار بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، خضدار اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ 4 اور 5 ستمبر کو بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں۔
بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث صوبے میں 9 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 4 گھر مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں 41 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔
حکام کے مطابق حادثات بونیر، مردان، مہمند اور شانگلہ میں پیش آئے۔ مختلف علاقوں میں بارش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور بارشوں کے دوران ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہیں۔







