نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ایل سی سی اے گراؤنڈ کو جدید بنانے کا فیصلہ
قذافی اسٹیڈیم کی جدید انداز میں اپ گریڈیشن کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس سے متصل نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) اور ایل سی سی اے گراؤنڈ کو بھی جدید بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر عملی کام جاری ہے۔
این سی اے اور ایل سی سی اے گراؤنڈ کے درمیان موجود دیوار گرائے جانے کے بعد گراؤنڈ میں توسیعی اور ترقیاتی کاموں کے لیے کھدائی کا سلسلہ جاری ہے۔ منصوبے کے تحت ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جدید پویلین تعمیر کیا جائے گا، جبکہ گراؤنڈ میں نکاسی آب کا جدید نظام بھی نصب کیا جائے گا تاکہ بارش یا دیگر وجوہات کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت گراؤنڈ میں نئی پریکٹس پچز بھی تعمیر کی جائیں گی، جس سے کھلاڑیوں کو تربیت اور پریکٹس کے لیے مزید بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ اس مقصد کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی عمارت اور سہولیات میں بھی توسیع کی جا رہی ہے۔
منصوبے میں این سی اے میں کھلاڑیوں کے رہائشی انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کرنا بھی شامل ہے، جبکہ جم کو مزید وسیع اور بہتر بنانے کا کام بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ اس اقدام سے قومی اور دیگر سطح کے کھلاڑیوں کو جدید تربیتی اور رہائشی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے بعد این سی اے اور ایل سی سی اے گراؤنڈ کی جدید کاری کو بھی پاکستان میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔







