گورنر راج: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کر دیئے

گورنر راج اور ایمرجنسی کے باعث خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات مؤخر

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق تمام اقدامات تا حکم ثانی روک دیے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 140-A کی معطلی کے حکم نامے کے باعث صوبے کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی سے متاثرہ اضلاع کے علاوہ دیگر اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے اقدامات شروع کیے گئے تھے، تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر 2026 کو آرڈر نمبر 3 جاری ہونے کے بعد انتخابی عمل کی صورتحال تبدیل ہوگئی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی حکومت کے جاری کردہ آرڈر نمبر 3 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکم نامے کی شق نمبر 2 پر غور کیا گیا، جس کے تحت آئین کے آرٹیکل 140-A کو معطل کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق آرٹیکل 140-A کی معطلی کا اطلاق صوبے کے دیگر تمام اضلاع تک بھی کردیا گیا ہے۔ مذکورہ آئینی آرٹیکل صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام اور بلدیاتی نظام سے متعلق ہے، جبکہ اس کی ذیلی شق 2 کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔

ترجمان کے مطابق وفاقی حکومت کے حکم نامے کے بعد خیبرپختونخوا کے ان اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانا ممکن نہیں رہا جہاں انتخابی عمل کے لیے ابتدائی اقدامات کیے جا رہے تھے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اب تک کیے گئے تمام اقدامات روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لیے جاری سرگرمیاں تا حکم ثانی معطل رہیں گی۔ اس فیصلے کے بعد صوبے میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا عمل غیر معینہ مدت کے لیے رک گیا ہے۔

گورنر راج اور ایمرجنسی کے تناظر میں وفاقی حکومت کے اس حکم نامے نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو متاثر کیا ہے، جبکہ انتخابی عمل کی بحالی آئندہ احکامات سے مشروط ہوگئی ہے

More News