پاکستان میں تیل اور گیس کا ایک اور بڑا ذخیرہ دریافت

پاکستان میں تیل اور گیس کا ایک اور بڑا ذخیرہ دریافت

پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے سے ایک اور بڑی خوشخبری سامنے آگئی، جہاں سندھ کے ضلع سانگھڑ میں بوبی آئل فیلڈ کے نئے کنویں سے تیل اور قدرتی گیس کے ذخائر دریافت کرلیے گئے ہیں۔

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے بوبی آئل فیلڈ میں نئے ترقیاتی کنویں ’بوبی الیون‘ سے کامیاب دریافت کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق نئے کنویں سے یومیہ تقریباً ایک ہزار بیرل خام تیل اور ایک ایم ایم ایس سی ایف ڈی قدرتی گیس کی پیداوار متوقع ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق بوبی آئل فیلڈ مکمل طور پر کمپنی کی ملکیت ہے، جس کے باعث نئی دریافت سے کمپنی کی مقامی پیداوار میں اضافے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ بوبی ڈیپ ون کنویں سے حاصل ہونے والی زیرِ زمین معلومات اور ڈیٹا نے نئے کنویں کی کامیاب کھدائی میں اہم معاونت فراہم کی۔ اس کامیابی سے بوبی آئل فیلڈ اور گردونواح میں مزید تیل و گیس کے ذخائر کی موجودگی کے امکانات پر اعتماد بھی مضبوط ہوا ہے۔

نئی دریافت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے درآمدی تیل اور گیس پر انحصار کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ مقامی سطح پر تیل و گیس کی پیداوار میں اضافے سے ملک کے درآمدی بل میں کمی لانے اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

او جی ڈی سی ایل کی جانب سے نئی دریافت کو ملک میں مقامی توانائی کے وسائل بڑھانے کی حکمت عملی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اگر مزید تلاش کے دوران خطے میں اضافی ذخائر بھی سامنے آتے ہیں تو پاکستان کی توانائی کی پیداوار میں مزید اضافہ ممکن ہوگا۔

More News