ایشیئن گیمز 2026 کے کرکٹ مقابلوں کا شیڈول جاری
ایشیئن گیمز 2026 میں کرکٹ کے مقابلوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق ویمنز کرکٹ ایونٹ کا آغاز 17 ستمبر جبکہ مینز کرکٹ مقابلے 24 ستمبر سے شروع ہوں گے۔ ایشیئن گیمز رواں سال جاپان کے شہر ناگویا اور آئچی پریفیکچر میں منعقد ہوں گے۔
جاری شیڈول کے مطابق ویمنز کرکٹ کے مقابلے 17 سے 22 ستمبر تک جاری رہیں گے۔ پاکستان ویمنز ٹیم 17 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل کھیلے گی۔ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان یہ میچ آئچی پریفیکچر کے کوروجی ایتھلیٹک پارک میں کھیلا جائے گا۔
ویمنز ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی، جبکہ سیمی فائنلز 20 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ خواتین کے کانسی اور گولڈ میڈل کے مقابلے 22 ستمبر کو ہوں گے۔ پاکستان ویمنز ٹیم کو ایشیئن گیمز میں اہم امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹیم کی قیادت فاطمہ ثنا کریں گی۔
دوسری جانب مینز کرکٹ مقابلوں کا آغاز 24 ستمبر سے ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں گروپ اے اور گروپ بی کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی، جبکہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کو براہ راست ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ دی گئی ہے۔
قومی مینز کرکٹ ٹیم 28 ستمبر کو کوارٹر فائنل میں اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔ شیڈول کے مطابق پاکستان کا مقابلہ گروپ بی میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم سے ہوگا۔ اس طرح پاکستانی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں براہ راست ناک آؤٹ مرحلے سے مہم شروع کرنے کا موقع ملے گا۔
پاکستان کی مینز ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے، جبکہ عبدالصمد نائب کپتان ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایشیئن گیمز کے مینز ایونٹ میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لیں گی اور تمام میچز ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔
مینز کرکٹ کے سیمی فائنلز یکم اکتوبر کو ہوں گے، جبکہ کانسی کے تمغے اور گولڈ میڈل کا فیصلہ 3 اکتوبر کو ہوگا۔ شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ممکنہ ٹکر ناک آؤٹ مرحلے میں صرف گولڈ میڈل یا کانسی کے مقابلے میں ہو سکتی ہے۔
ایشیئن گیمز 2026 میں کرکٹ کے مقابلوں کو شائقین کی خصوصی توجہ حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ پاکستان کی مینز اور ویمنز دونوں ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے ایکشن میں ہوں گی۔








