پشاور میں پلاٹ کے تنازع پر 19 سالہ نوجوان قتل

پشاور میں پلاٹ کے تنازع پر 19 سالہ نوجوان قتل

پشاور کے علاقے تہکال پایان میں پلاٹ کی تقسیم کے تنازع پر چچا زاد بھائیوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 19 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا، جبکہ مقتول کا بھائی فائرنگ کی زد میں آنے سے محفوظ رہا۔

تہکال پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ محلہ چارنڈا، فتح حجرہ کے قریب پیش آیا، جہاں 19 سالہ زوہیب ولد صنوبر کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی۔

پولیس کو دیے گئے بیان میں مقتول کے بھائی وہاج نے بتایا کہ وہ دونوں گھر میں موجود تھے کہ اس دوران ہلال اور ہارون نامی افراد گھر کے دروازے کے سامنے گالم گلوچ اور چیخ و پکار کرنے لگے۔ ملزمان نے زوہیب کو گھر سے باہر آنے کیلئے بھی پکارا۔

بیان کے مطابق زوہیب اور وہاج گھر سے باہر نکلے تو ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں زوہیب شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ اس کا بھائی وہاج محفوظ رہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور قتل کے محرکات سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر واقعہ پلاٹ کی تقسیم کے تنازع کا شاخسانہ بتایا گیا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف پہلوؤں سے کارروائی شروع کردی ہے۔

More News