وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کے حوالے 50 الیکٹرک گاڑیاں کردیں

وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کے حوالے 50 الیکٹرک گاڑیاں کردیں

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت کی پولیس کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کو الیکٹرک گاڑیوں کی حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے رول ماڈل بننا چاہیے۔ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، جدید سازوسامان اور دیگر ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

تقریب کے دوران وزیراعظم نے 50 الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے حوالے کیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت طلال چوہدری اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

آئی جی اسلام آباد پولیس نے وزیراعظم کو الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ ان کے مطابق نئی گاڑیوں سے ماہانہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت متوقع ہے، جبکہ ایک گاڑی کی لاگت تقریباً ساڑھے 10 ماہ میں ایندھن کی مد میں ہونے والی بچت سے پوری ہو جائے گی۔

تقریب میں اسلام آباد پولیس کی جانب سے قائم کی گئی نئی فورس کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ جدید وسائل اور ٹیکنالوجی سے لیس پولیس فورس کا مقصد دارالحکومت میں شہریوں کے تحفظ، فوری رسپانس اور مؤثر قانون نافذ کرنے کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانا ہے۔

وزیراعظم نے پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور وسائل کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے پولیس کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔

More News