جونیئر ہاکی ایشیا کپ، پاکستان نے ملائیشیا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی
چین میں جاری مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پول بی کے اہم میچ میں پاکستان کو ابتدائی مرحلے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم دوسرے ہاف میں قومی جونیئر ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ایونٹ میں اپنی مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی اور اب تک ناقابل شکست ہے۔
میچ کے نویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد صالحی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ پاکستان نے پہلے دو کوارٹرز میں گول کرنے کی متعدد کوششیں کیں، تاہم ملائیشیا کی دفاعی لائن نے برتری برقرار رکھی اور ہاف ٹائم تک اسکور 0-1 رہا۔
دوسرے ہاف میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور 32ویں منٹ میں ندیم خان نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ اس کے صرف چار منٹ بعد عبداللہ سمیع رانا نے گیند کو جال میں پہنچا کر پاکستان کو 2-1 کی برتری دلا دی۔
پاکستان کی برتری مزید مضبوط اس وقت ہوئی جب ولید رانا نے 39ویں اور 40ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے دو گول اسکور کیے۔ ان دو گولز کے بعد پاکستان نے ملائیشیا پر دباؤ مزید بڑھا دیا اور اسکور 1-4 ہوگیا۔
پاکستان کی جانب سے پانچواں گول 41ویں منٹ میں علی حمزہ نے کیا، جس کے بعد قومی ٹیم نے 5-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ علی حمزہ کی شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ملائیشیا نے 54ویں منٹ میں گناسیلن دھیرش کے ذریعے اپنا دوسرا گول ضرور کیا، تاہم پاکستانی دفاع نے باقی وقت میں حریف ٹیم کو مزید گول کرنے کا موقع نہیں دیا اور پاکستان نے 2-5 سے کامیابی حاصل کرلی۔
اس کامیابی کے بعد پاکستان پول بی میں 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ پاکستان اپنا آخری پول میچ 9 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا، تاہم ملائیشیا اور چین کے درمیان ہونے والا میچ پول سے دوسرے سیمی فائنلسٹ کا تعین کرے گا۔
پاکستان ہاکی کیمپ میں اس شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو سراہا جا رہا ہے، جبکہ شائقین کو امید ہے کہ جونیئر ٹیم سیمی فائنل میں بھی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھے گی۔








