بہتر کارکردگی پر پشاور ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں میں انعامات تقسیم
پشاور: چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور اہلکاروں میں توصیفی اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور اہلکار ڈیوٹی کے دوران ”پہلے سلام، پھر کلام” کی پالیسی پر عمل کریں اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آئیں۔
ڈاکٹر زاہد اللہ کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا ٹریفک پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس لیے تمام افسران اور اہلکار اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
چیف ٹریفک آفیسر نے واضح کیا کہ محکمہ میں سزا و جزا کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ فرائض میں غفلت یا لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے ٹریفک حکام اور اہلکاروں کو شہر میں نو پارکنگ زونز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تعطل کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور اہم شاہراہوں پر غیر قانونی پارکنگ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہے، جس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
ڈاکٹر زاہد اللہ نے مزید کہا کہ شہر میں قائم تجاوزات کے خلاف بھی آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ اور ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
چیف ٹریفک آفیسر نے افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے ساتھ بہتر رویہ اپناتے ہوئے قانون کی بالادستی، ٹریفک نظم و ضبط اور سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری سے انجام دیں۔








