نارفولک ساحل پر کوڑا پھینکنے پر 500 پاؤنڈ تک جرمانے کی تجویز

نارفولک ساحل پر کوڑا پھینکنے پر 500 پاؤنڈ تک جرمانے کی تجویز

برطانیہ کے نارتھ نارفولک میں ساحلوں پر کوڑا پھینکنے کے خلاف سخت کارروائی کی تجویز سامنے آگئی، جس کے تحت گندگی پھیلانے والوں پر 500 پاؤنڈ تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ساحلی علاقوں کو صاف رکھنے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق فلائی ٹِپنگ کے خلاف جرمانے میں بھی نمایاں اضافہ زیر غور ہے۔ موجودہ 300 پاؤنڈ کی حد کو بڑھا کر ایک ہزار پاؤنڈ تک کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ حکام کا مؤقف ہے کہ بھاری جرمانوں سے لوگوں کو غیر قانونی طور پر کچرا پھینکنے سے پہلے کئی بار سوچنے پر مجبور کیا جا سکے گا۔

نارتھ نارفولک میں کرومر، شیرنگھم اور ویسٹ رنٹن سمیت تقریباً 45 میل طویل ساحلی پٹی موجود ہے، جہاں سال بھر ملک کے مختلف حصوں سے سیاح آتے ہیں۔ ساحلی علاقوں میں بڑھتی گندگی سے مقامی کمیونٹیز میں بھی تشویش اور مایوسی پائی جاتی ہے۔

کونسل کے ترجمان کے مطابق قانونی حدود کے اندر جرمانوں میں اضافہ کوڑا کرکٹ اور فلائی ٹِپنگ کے خلاف واضح اور مضبوط پیغام دے گا۔ ان کے مطابق یہ اقدام ماحولیاتی فضلے سے متعلق جرائم کی روک تھام اور عوام میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی وسیع مہم کا حصہ بھی ہوگا۔

More News