فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان
قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ پولیو ورکرز کے ساتھ لسننگ سیشنز کے دوران سامنے آنے والی تجاویز اور مسائل کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق نئے معاوضے کا اطلاق آئندہ انسدادِ پولیو مہم سے ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیو ورکرز ملک کے دور دراز اور حساس علاقوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے اہم خدمات انجام دے رہے ہیں، اس لیے ان کی محنت اور خدمات کا اعتراف ضروری ہے۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے معاوضے میں اضافہ ان کی محنت، لگن اور خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی قومی کوششوں میں ورکرز کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔
عائشہ رضا فاروق کے مطابق آئندہ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک ملک کے 115 اضلاع میں منعقد ہوگی۔ مہم کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران قطرے ضرور پلوائیں تاکہ ملک سے اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔








