پی ٹی آئی کا لانگ مارچ رکوانے کی درخواست، اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج اہم سماعت
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ کو رکوانے کے لیے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج دوبارہ اہم سماعت ہوگی۔ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔
لارجر بینچ میں جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس محمد آصف بھی شامل ہیں۔ عدالت نے کیس کے ممکنہ آئینی اور قانونی مضمرات کے پیش نظر اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے چاروں صوبوں کے انسپکٹر جنرلز، چیف سیکریٹریز اور ایڈووکیٹ جنرلز سمیت اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے حکام کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔ عدالت کی جانب سے متعلقہ حکام سے ممکنہ احتجاج، سکیورٹی صورتحال اور شہریوں کے معمولاتِ زندگی سے متعلق امور پر وضاحت طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج اور لانگ مارچ کے باعث وفاقی دارالحکومت میں معمولاتِ زندگی متاثر، سڑکیں بند اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی تمام سڑکیں آمدورفت کے لیے کھلی رکھنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ اس کے علاوہ سرکاری دفاتر اور سرکاری مشینری کے سیاسی مقاصد کے لیے مبینہ استعمال کے حوالے سے بھی ضابطہ طے کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
آج کی سماعت میں عدالت فریقین کے دلائل اور حکام کے مؤقف سننے کے بعد لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرسکتی ہے۔








