چین اور فلپائن میں کشتیوں میں آتشزدگی، کم از کم 25 افراد ہلاک، 80 سے زائد لاپتا
چین اور فلپائن میں کشتیوں میں آگ لگنے کے دو الگ الگ واقعات میں کم از کم 25 افراد ہلاک جبکہ 80 سے زائد افراد لاپتا ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چین کے مشرقی شہر چنگ ڈاؤ میں مرمت کے لیے کھڑے ایک غیر ملکی کارگو جہاز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے۔ چینی حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، تاہم حادثے کے بعد لاپتا افراد کی تعداد کے بارے میں تاحال کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور متاثرین کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ حکام کی جانب سے آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔
دوسری جانب فلپائن میں پیش آنے والے ایک الگ حادثے میں کشتی آگ کی لپیٹ میں آگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ 80 سے زائد افراد لاپتا ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق متاثرہ کشتی پر 117 مسافر اور 17 عملے کے ارکان سوار تھے۔
فلپائن میں لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی اداروں کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ حادثے کے بعد مزید جانی نقصان کے خدشے کے پیش نظر امدادی سرگرمیوں کو تیز کردیا گیا ہے۔
چین میں پیش آنے والے حادثے کا صدر شی جن پنگ نے فوری نوٹس لیا اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ چینی صدر نے ممکنہ متاثرین کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے پر زور دیا۔
صدر شی جن پنگ نے واقعے کی فوری اور جامع تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے غفلت یا کوتاہی کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی ہے۔
دونوں واقعات میں ہلاکتوں اور لاپتا افراد کی تعداد کے باعث امدادی کارروائیاں انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہیں، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے حادثات کی وجوہات اور مزید نقصانات سے متعلق تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔








