حمزہ شہباز کا وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ

حمزہ شہباز کا وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ

سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے حمزہ شہباز کو ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں، دائرہ کار اور جاری سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا عوام تک معلومات پہنچانے اور ان سے مؤثر رابطے کا اہم ذریعہ بن چکا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کے مطابق پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور من گھڑت خبروں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ حکومتی اقدامات اور قومی بیانیے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنا بھی ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اہم ذمہ داری ہے۔

حمزہ شہباز نے مختلف شعبوں میں جاری سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت اطلاعات کی ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے میدان میں کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال سے پاکستان کا مثبت تشخص اور قومی بیانیہ دنیا تک پہنچایا جاسکتا ہے۔

دورے کے دوران ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا، عوامی رابطے اور مؤثر ابلاغ کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پی ٹی وی ڈیجیٹل کے ذریعے مواد کی رسائی مزید وسیع کرنے کے امور بھی زیر غور آئے۔

More News