سپریم کورٹ کی موبائل ایپ اور ویب سائٹ مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ
سپریم کورٹ آف پاکستان اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں، جس کا مقصد سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کی کارکردگی، تکنیکی صلاحیت اور عوامی رسائی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر سپریم کورٹ کے رجسٹرار اور نادرا کے چیف پراجیکٹس آفیسر نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت نادرا سپریم کورٹ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے ہوسٹنگ، بیک اینڈ انفرا اسٹرکچر اور ضروری تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔
ایم او یو کے تحت سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ منظور شدہ اپ گریڈز میں بھی نادرا معاونت کرے گا، تاکہ عدالتی معلومات کی فراہمی کا نظام زیادہ مؤثر اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی بہتری سے شہریوں، وکلا اور سائلین کو عدالتی معلومات تک آسان اور بروقت رسائی حاصل ہونے کی توقع ہے۔ ویب سائٹ اور موبائل ایپ پر کاز لسٹس، عدالتی فیصلوں اور دیگر مجاز معلومات تک رسائی کو مزید آسان بنایا جائے گا۔
معاہدے کے تحت نادرا سپریم کورٹ کی ہیلپ لائن 1818 کے لیے بھی تکنیکی معاونت جاری رکھے گا۔ اس تعاون کا مقصد شہریوں کو عدالتی خدمات اور معلومات تک رسائی کے لیے جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے۔
سپریم کورٹ اور نادرا کے درمیان یہ ڈیجیٹل تعاون عدالتی نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے معلومات کی فراہمی، صارفین کی سہولت اور ڈیجیٹل خدمات کے معیار میں بہتری لانے میں مدد مل سکتی ہے۔








