قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان خالد محمود انتقال کر گئے
پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ خالد محمود انتقال کر گئے۔ ان کے بیٹے کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ آج فیصل آباد میں ادا کی جائے گی۔ خالد محمود کے انتقال پر پاکستان سمیت عالمی ہاکی برادری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خالد محمود 28 دسمبر 1941 کو جہلم میں پیدا ہوئے اور پاکستان کی ان کامیاب ہاکی ٹیموں کا حصہ رہے جنہوں نے عالمی اور ایشیائی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔ وہ 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں قومی ٹیم کا حصہ تھے، جہاں پاکستان نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ خالد محمود ٹیم میں رائٹ آؤٹ کی پوزیشن پر کھیلتے تھے۔
انہوں نے 1966 کے ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں قومی ٹیم نے سلور میڈل جیتا۔ 1968 کے میکسیکو اولمپکس میں خالد محمود فاتح پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے، جس نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ 1970 کے بینکاک ایشین گیمز میں بھی انہوں نے قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور پاکستان نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔
یوں خالد محمود نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران ٹوکیو اولمپکس کا سلور، 1966 ایشین گیمز کا سلور، میکسیکو اولمپکس کا گولڈ اور 1970 ایشین گیمز کا گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیموں میں خدمات انجام دیں۔
وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اور قومی ٹیم کے منیجر بھی رہے۔ ان کے انتقال پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن، ایشین ہاکی فیڈریشن اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اظہار افسوس کیا۔








