پنجاب میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری اسپیل کا الرٹ جاری
لاہور: پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 17 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ لاہور میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیر آباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خوشاب، میانوالی، نور پور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔
محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت دیگر اداروں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خراب موسم میں احتیاط برتنے، کچے اور بوسیدہ مکانات سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہری آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں جبکہ بچوں کو نشیبی علاقوں، پانی اور بجلی کے کھمبوں سے دور رکھیں۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔








