لاہور میں مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق، والدین کی حالت تشویشناک

لاہور میں مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق، والدین کی حالت تشویشناک

لاہور: ہربنس پورہ میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو بچے جاں بحق جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق میاں بیوی اور ان کے دو بچوں نے گزشتہ رات کا بچا ہوا سالن، آلو گوبھی کھایا تھا۔ کھانا کھانے کے کچھ دیر بعد چاروں افراد کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، جس پر انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کیا، تاہم دونوں بچے دوران علاج جانبر نہ ہوسکے۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت قدیر اور عاصمہ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کے والدین کی حالت بھی تشویشناک ہے اور انہیں ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ فرانزک ٹیم نے مبینہ طور پر کھانے کے نمونے اور دیگر شواہد جمع کرنا شروع کردیئے ہیں، جبکہ فوڈ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کو بھی تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔

فرانزک ماہرین کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سالن میں چھپکلی گرنے کے باعث کھانا زہریلا ہوا، تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجہ فرانزک اور دیگر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

More News