تاجر برادری کا فیصل آباد ڈویژن کو الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ
فیصل آباد: فیصل آباد کی تاجر برادری نے شہر اور ڈویژن کو الگ صوبائی حیثیت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر گورننس، عوامی مسائل کے فوری حل اور انتظامی اصلاحات کے لیے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ضروری ہے۔
تاجر برادری نے اسلام آباد کو خود مختار انتظامی یونٹ یا صوبائی حیثیت دینے کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کسی بھی نئے انتظامی نظام کے نفاذ سے قبل فیصل آباد ڈویژن کو صوبہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں اور سیاسی چہرے تبدیل ہوتے رہے، تاہم عوامی، شہری اور ضلعی مسائل کا مؤثر حل نہیں نکالا جاسکا۔
تاجر رہنماؤں کے مطابق موجودہ انتظامی نظام میں بنیادی اصلاحات کے بغیر عوامی مسائل کا خاتمہ ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ آزاد ہونے والے کئی ممالک ترقی کی دوڑ میں آگے نکل گئے، جبکہ پاکستان کو انتظامی کمزوریوں سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے۔
تاجر برادری نے کہا کہ بہتر طرز حکمرانی کے لیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا اور انتظامی یونٹس کو مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فیصل آباد کو صوبائی حیثیت ملنے سے مقامی سطح پر فیصلہ سازی بہتر ہوگی اور عوام کو حکومتی اداروں تک رسائی میں آسانی پیدا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کو الگ صوبہ بنانے سے علاقے کے عوام کو بہتر نمائندگی ملنے کے ساتھ ساتھ دیرینہ مسائل کے حل میں بھی تیزی آسکتی ہے۔







