ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں اضافہ، مجموعی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ سے زائد
اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور 2 جولائی کے بعد مزید 2 لاکھ 94 ہزار 818 افراد بطور ووٹر رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ نئے اندراج کے بعد ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ 69 ہزار 217 ہوگئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سب سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز رکھنے والا صوبہ ہے، جہاں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 75 لاکھ 71 ہزار 216 تک پہنچ گئی ہے۔ 2 جولائی کے بعد پنجاب میں 94 ہزار 582 نئے ووٹرز کا اندراج ہوا۔
خیبرپختونخوا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 34 لاکھ 92 ہزار 258 ہوگئی ہے۔ صوبے میں اس عرصے کے دوران 85 ہزار 309 نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سندھ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 87 لاکھ 41 ہزار 92 تک پہنچ گئی، جہاں 2 جولائی کے بعد 65 ہزار 345 نئے ووٹرز کا اندراج ہوا۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ووٹرز کی تعداد میں مسلسل اضافہ انتخابی فہرستوں میں نئے ووٹرز کے اندراج کی عکاسی کرتا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد کے ووٹر لسٹ میں شامل ہونے سے آئندہ انتخابات میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔








