ٹرمپ کے بیٹے کی شادی میں پوتن کے قریبی ساتھی نے لاکھوں ڈالر خرچ کیے
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور ان کی اہلیہ بیٹینا نے تصدیق کی ہے کہ ان کی شادی کی تقریبات کے کچھ اخراجات روسی کاروباری شخصیت عمر کریملیو نے برداشت کیے تھے، جن کے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ قریبی تعلقات بتائے جاتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور بیٹینا کی شادی مئی میں ہوئی تھی۔ دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں بتایا کہ بہاماس کے ایک نجی جزیرے پر منعقد ہونے والی شادی کی دو راتوں کی تقریبات کی میزبانی عمر کریملیو نے کی۔ جوڑے نے انہیں اپنا قریبی دوست قرار دیتے ہوئے اس اقدام کو شادی کا تحفہ قرار دیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس معاملے نے ٹرمپ خاندان پر غیر ملکی اثر و رسوخ کے حوالے سے نئے سوالات پیدا کردیے ہیں۔ ان اخراجات کی تفصیلات پہلی مرتبہ امریکی تحقیقاتی ادارے پرو پبلیکا کی رپورٹ میں سامنے آئیں۔
رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریبات سے منسلک متعدد اخراجات کریملیو نے ادا کیے، جن میں تقریباً 70 ہزار ڈالر مالیت کا آتش بازی کا مظاہرہ بھی شامل تھا۔ تحقیق کے مطابق مجموعی طور پر شادی کی تقریبات پر لاکھوں ڈالر خرچ کیے گئے۔
امریکی حکومتی اخلاقیات کی نگرانی کرنے والی تنظیموں نے بھی معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ جونیئر نے ایک ایسے شخص سے قیمتی تحائف قبول کیے ہیں جس کے روسی صدر پوتن سے قریبی تعلقات ہیں، جس سے مفادات کے ٹکراؤ اور غیر ملکی اثر و رسوخ سے متعلق سوالات پیدا ہوتے ہیں۔






