98 فیصد مرد دوستوں کے سامنے اپنی بیوی کا مذاق اڑاتے ہیں: سنیتا مارشل

98 فیصد مرد دوستوں کے سامنے اپنی بیوی کا مذاق اڑاتے ہیں: سنیتا مارشل

لاہور: پاکستانی اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے معاشرے میں شوہروں کے اپنی بیویوں کے ساتھ رویے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقریباً 98 فیصد مرد دوستوں میں بیٹھ کر اپنی بیوی کا مذاق اڑاتے ہیں۔

سنیتا مارشل نے کہا کہ بیویوں کا مذاق اڑانے کا رجحان ہمارے دیسی معاشرے میں زیادہ پایا جاتا ہے، جبکہ مغربی معاشروں میں صورتحال اس طرح کی نہیں۔ ان کے مطابق بعض مرد دوستوں کے سامنے اپنی بیوی کی بات یا رائے کو اہمیت دینے کے بجائے اس کا مذاق اڑاتے ہیں۔

اداکارہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر بیوی سب کے سامنے کوئی مشورہ دے تو شوہر اسی وقت اسے برا بھلا کہنے کے بجائے بعد میں مناسب انداز میں سمجھا سکتا ہے کہ اس کی رائے درست نہیں تھی۔ ان کے مطابق کسی کی سب کے سامنے تضحیک کرنا مناسب رویہ نہیں۔

سنیتا مارشل کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں بعض مردوں کی ذہنیت اس انداز میں بنائی جاتی ہے کہ بیویاں شوہروں سے کم تر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی سوچ کی وجہ سے کچھ شوہر اپنی بیوی سے غیر مساوی انداز میں گفتگو کرتے ہیں اور اسے اپنے سے کمتر سمجھتے ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ بعض شوہروں کے ذہن میں یہ سوچ بھی ہوتی ہے کہ اگر بیوی ان سے چھوٹی یا کم تر ہے تو وہ اس کا مذاق اڑا سکتے ہیں۔

سنیتا مارشل کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا، جہاں صارفین کی جانب سے ان کے مؤقف پر مختلف آرا کا اظہار کیا جارہا ہے۔

More News