پشاور میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ
پشاور: شہر میں اشیائے خورونوش، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کے لیے روزمرہ استعمال کی اشیا خریدنا مزید مہنگا ہوگیا ہے۔
دکانداروں کے مطابق چاول کی قیمت 360 روپے سے بڑھ کر 380 روپے فی کلو ہوگئی، جبکہ مسور کی دال بھی 240 روپے سے بڑھ کر 260 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔ لوبیا کی قیمت 460 روپے سے بڑھ کر 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہ 2800 روپے سے بڑھ کر 3300 روپے تک جاپہنچا ہے۔ اسی طرح چینی کی فی کلو قیمت 140 روپے سے بڑھ کر 150 روپے ہوگئی ہے۔
سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ٹماٹر 200 روپے سے بڑھ کر 250 روپے اور آلو 80 روپے سے بڑھ کر 100 روپے فی کلو ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب پھل بھی مہنگے ہوگئے ہیں۔ کیلے کی قیمت میں 50 روپے فی درجن اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 200 روپے فی درجن فروخت ہورہے ہیں۔ سیب 50 روپے اضافے کے بعد 400 روپے فی کلو، جبکہ انگور 100 روپے اضافے کے بعد 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں۔
دکانداروں کے مطابق آڑو کی قیمت بھی 300 روپے سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ اشیائے خورونوش، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث شہریوں کے روزمرہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ مہنگائی نے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔








