ملائیشیا کا اسرائیلی فوج کیلئے امدادی کھیپ کو ملک سے گزرنے کی اجازت نہ دینے کا اعلان

ملائیشیا کا اسرائیلی فوج کیلئے امدادی کھیپ کو ملک سے گزرنے کی اجازت نہ دینے کا اعلان

کوالالمپور: ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کیلئے بھیجی جانے والی کسی بھی ایسی کھیپ کو ملائیشیا سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو اسرائیلی فوجی صلاحیتوں میں اضافے یا فلسطینیوں سمیت دیگر بے گناہ افراد کے خلاف کارروائیوں میں معاون ثابت ہو سکتی ہو۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا ایسی کسی کھیپ کیلئے راستے کے طور پر استعمال نہیں ہوگا جو اسرائیلی فوج کو مدد فراہم کرے۔ ان کے مطابق مشتبہ کھیپ کی ملائیشین قوانین کے تحت جانچ اور تحقیقات کی جائیں گی اور خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔

ملائیشین وزیراعظم کا یہ بیان بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں بتایا گیا تھا کہ ملائیشیا کے حکام نے ملک کی ایک بڑی بندرگاہ سے اسرائیل جانے والی تمام شپمنٹس کی ترسیل روک دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کے حکام نے گزشتہ ماہ 19 اگست کو 3 کنٹینرز بھی روکے تھے۔ ملائیشیا اور اسرائیل کے درمیان سفارتی اور تجارتی تعلقات موجود نہیں ہیں۔

ملائیشیا کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ کی صورتحال کے تناظر میں مختلف ممالک کی جانب سے اسرائیل سے متعلق تجارتی اور سفارتی پالیسیوں پر بھی توجہ مرکوز ہے۔

More News