پاکستان اور لبنان کا سکیورٹی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور لبنان کا سکیورٹی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور سکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر گفتگو کی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لبنانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔

اس سے قبل احمد الحجار اسلام آباد پہنچے تھے، جہاں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران لبنانی وزیر داخلہ کی پاکستانی قیادت سے دیگر اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب لبنان سمیت مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال مسلسل اہمیت اختیار کیے ہوئے ہے اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے سفارتی رابطوں پر زور دیتا رہا ہے۔

More News