بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3، 11 دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے گوارگو میں کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ چاغی کے علاقوں آمین آباد اور سیاہ چنگ میں کارروائیوں کے دوران مزید 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق چاغی میں آمین آباد کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ سیاہ چنگ میں مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کے دوران دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس پر سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی۔
کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات سمیت بڑی مقدار میں جنگی سامان برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت جاری ہیں۔








