کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے، 9 زخمیوں سمیت 10 ملزمان گرفتار
کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران 9 زخمیوں سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 16 جرمنی گراؤنڈ کے قریب مبینہ مقابلے میں 4 ملزمان زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈیفنس سی آر پٹہ کے قریب پولیس نے مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو مبینہ طور پر فائرنگ کردی گئی۔ جوابی فائرنگ میں ایک ملزم جاوید زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جبکہ اس کے 3 ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل میں نارتھ ناظم آباد ریلوے پھاٹک کے قریب مبینہ مقابلے میں شاہ رخ خان نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
فیڈرل بی ایریا بلاک 5 میں بھی شاہین فورس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک ملزم زخمی ہوکر فرار ہوگیا۔ پولیس نے بعدازاں اسے عباسی شہید اسپتال سے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
سعید آباد کے بلدیہ سیکٹر ایف 1.9 میں الطاہر مسجد کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں ایک زخمی ہے۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 2 پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جبکہ ایک ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔








