اٹلی میں اسکولوں میں نقاب اور برقعے پر پابندی کا اعلان
اٹلی میں حکومت نے اسکولوں میں طلبہ کے چہرے کو مکمل طور پر ڈھانپنے والے نقاب اور برقعے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کے مطابق اسکول جانے والے طلبہ کو اپنا چہرہ واضح رکھنا ہوگا، جبکہ پابندی کے حوالے سے کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔
جارجیا میلونی نے کہا کہ اسکولوں میں طلبہ کی شناخت اور تعلیمی ماحول کے پیش نظر چہرہ ڈھانپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی روایت یا ثقافتی رسم کے نام پر لڑکیوں کو چہرہ چھپانے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔
اطالوی وزیراعظم نے ملک کے تعلیمی نظام میں غیر ملکی طلبہ سے متعلق اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق اٹلی کے اسکولوں میں ہر کلاس میں غیر ملکی طلبہ کی تعداد محدود کی جارہی ہے، جبکہ مشکلات کا شکار غیر ملکی طلبہ کے والدین کے لیے اطالوی زبان سیکھنے کی شرط بھی رکھی جائے گی۔
میلونی کے مطابق اٹلی کے اسکولوں میں غیر ملکی طلبہ کا مجموعی تناسب 11.6 فیصد ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد تعلیمی نظام میں بہتر انضمام اور طلبہ کے لیے مؤثر تعلیمی ماحول کو یقینی بنانا ہے۔
نقاب اور برقعے پر مجوزہ پابندی کا اطلاق اسکولوں میں کس حد تک ہوگا اور اس کے لیے قانونی طریقہ کار کیا ہوگا، اس کی مزید تفصیلات کابینہ کی منظوری کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔








