دو دہائیوں بعد پشاور میں کرکٹ کی رونقیں بحال، ٹی ٹوئنٹی میچز کا آغاز

دو دہائیوں بعد پشاور میں کرکٹ کی رونقیں بحال، ٹی ٹوئنٹی میچز کا آغاز

رپورٹ: جُنیدطورو

پشاور میں تقریباً دو دہائیوں کے بعد کرکٹ کی بڑی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے جا رہی ہیں۔ عمران خان اسٹیڈیم میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا آغاز ہفتے سے ہوگا، جہاں شائقین پہلی بار جدید فلڈ لائٹس کی روشنی میں میچز سے لطف اندوز ہوں گے۔ اس ایونٹ کی افتتاحی تقریب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی انجام دیں گے۔ تمام ٹیمیں پشاور پہنچ چکی ہیں جبکہ اسٹیڈیم کے اطراف سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور ٹکٹوں کی فروخت بھی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں آخری بار 2006 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک روزہ میچ کھیلا گیا تھا۔ اس کے بعد اسٹیڈیم کی توسیع اور جدید طرز پر اپ گریڈیشن کا منصوبہ شروع کیا گیا جو اب مکمل ہو چکا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اسٹیڈیم میں جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جبکہ نیا پویلین اور شائقین کے لیے بہتر انکلوژرز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔

ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں نے پشاور پہنچنے کے بعد پریکٹس سیشنز بھی کیے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسٹیڈیم کے انتظامات سنبھال لیے ہیں اور میچز کے لیے پچز بھی تیار کر دی گئی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر کے مطابق ایونٹ کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جن میں سیکیورٹی اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے جبکہ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

شیڈول کے مطابق ہفتے کے روز پہلا مقابلہ شام 4 بج کر 15 منٹ پر میزبان پشاور اور لاہور وائٹس کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا میچ رات 9 بج کر 15 منٹ پر فیصل آباد اور کراچی وائٹس کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 17 مارچ کو جبکہ فائنل اگلے روز منعقد ہوگا۔

ایونٹ جیتنے والی ٹیم کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ رنر اپ ٹیم 25 لاکھ روپے حاصل کرے گی۔ ٹورنامنٹ کے تمام 23 میچز مختلف ٹی وی چینلز پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ لاہور بلوز کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ گزشتہ روز پشاور میں تمام ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

 

More News