پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گا۔

ویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا جا رہا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث حکومت کو یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث گزشتہ ہفتے کے دوران عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تیزی سے بڑھی ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ملک اس وقت غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے اور وزیراعظم نے صورتحال کا فوری نوٹس لیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت اس معاملے پر چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے بھی مشاورت کرے گی تاکہ ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے اور جنگی صورتحال کو قابو میں لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ دو دن سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر تقریباً 110 روپے تک اضافہ ناگزیر تھا، تاہم وزیراعظم نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافے کو کم کر کے 55 سے 60 روپے فی لیٹر تک محدود رکھنے کی ہدایت دی۔

ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان میں ایندھن کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مطابق نہ بڑھائی جائیں تو سستے ایندھن کی وجہ سے اسمگلنگ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں تیل افغانستان اور بھارت سمیت دیگر ممالک کو غیر قانونی طور پر منتقل ہونے کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے اور اس سے ملکی معیشت کو مزید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

More News